ملک کے تجارتی خسارہ میں چار ماہ کے دوران 26.2 فیصد کمی

120

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی): ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 26.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تجارتی خسارے کا حجم 11.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارے کا حجم 15.62 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 40.4 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ اکتوبر میں تجارتی خسارے کا حجم 2.32 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 3.90 ارب ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 1.1 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 9.56 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9.40 ارب ڈالر تھا۔ اکتوبر میں برآمدات کی سالانہ بنیادوں پر 3.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اکتوبر میں ملکی برآمدات کا حجم 2.38 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 2.40 ارب ڈالر تھا۔ ملکی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 15.9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں 21.09 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 25.08 ارب ڈالر تھی۔ اکتوبر میں ملکی درآمدات میں 26 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ۔ اکتوبر میں درآمدات کاحجم 4.71 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 6.36 ارب ڈالر تھا۔ \395\932