اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی): ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 32.6فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ قومی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کر دسمبرتک کی مدت میں تجارتی خسارے کا حجم 17.13 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 32.6فیصد کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارے کا حجم 25.44 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دسمبر 2022 میں 2.86 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا جو نومبر کے مقابلے میں 2.4فیصد زیادہ اور گزشتہ سال دسمبرکے مقابلے میں 40.7فیصد کم ہے۔ نومبرمیں تجارتی خسارےکا حجم 2.79ارب ڈالر اور گزشتہ سال دسمبرمیں 4.82ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 5.8فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے دسمبر2022تک کی مدت میں برآمدات سے 14.25ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 15.13ارب ڈالر تھا۔ دسمبرمیں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 16.6فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔
دسمبرمیں ملکی برآمدات کا حجم 2.30ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال دسمبر میں 2.76ارب ڈالر تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر22.6فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں درآمدات پر 31.38ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 40.56ارب ڈالر تھا۔دسمبر میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 31.9فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس مدت میں درآمدات پر5.16ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو دسمبر2021 میں 7.58 ارب ڈالر تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=344685