32.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںملک کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے کے لئےتیار ہیں،...

ملک کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے کے لئےتیار ہیں، گولڈن ٹیمپل اور بابری مسجد جیسے مقدس مقامات پر حملے کر کے بھارت نے خود کو سب سے بڑا دہشت گرد ملک ثابت کیا، سینیٹ اجلاس میں اراکین کا اظہار خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):ایوان بالا میں ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں و اقلیتی برادری نے کہا ہے کہ ملک کے تحفظ کی خاطر ہم سب اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں،ہمیں اپنے داخلی معاملات میں یکجہتی پیدا کرنی ہوگی تاکہ ہم بیرونی خطرات کا موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں، پاکستانی قوم بھارت کے مقابلے میں ہمیشہ متحد رہی ہے اور اب بھی پوری قوم ایک جان ہے، دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک بھارت ہے جس نے گولڈن ٹیمپل اور بابری مسجد جیسے مقدس مقامات پر حملے کر کے اپنی ریاستی دہشت گردی ثابت کی۔

منگل کو ایوان بالا میں ہندوستان کی جانب سے آبی جارحیت کے حوالے سے جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کی حکومت کے اسباب پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان تعلقات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مودی کے ساتھ اگر کوئی کھڑا ہے تو وہ اسرائیل ہے۔سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ مودی اور نیتن یاہو کا گٹھ جوڑ مسلمانوں کے خلاف ہے، ان کی دشمنی پاکستان سے نہیں بلکہ اسلام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گجرات کا قاتل ہے اور دوسرا غزہ کے مسلمانوں کا قاتل۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کے ناپاک عزائم پر دو ٹوک اور واضح پیغام دینا ہوگا۔سینیٹر پلوشہ خان نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو ہاتھ اس طرف بڑھے گا وہ کاٹ دیا جائے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ڈھولک کی تھاپ اور جنگی گھوڑوں کی ٹاپ میں بڑا فرق ہوتا ہے۔انہوں نے بھارتی فوج کے اندرونی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فوج تقسیم کا شکار ہے اور سکھ کمیونٹی کا کوئی بھی فرد پاکستان پر حملے کو تیار نہیں۔سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان ایک نہایت اہم مقام پر واقع ہے، جہاں بے شمار مواقع موجود ہیں، وہیں خطرات بھی لاحق ہیں۔علامہ راجہ ناصر عباس نے دشمن کے عزائم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دشمن آہستہ آہستہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ میڈیا وار سے لے کر دہشت گردی تک ہر طرح کی چالیں استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے ملک میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے داخلی معاملات میں یکجہتی پیدا کرنی ہوگی تاکہ ہم بیرونی خطرات کا موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کہا کہ بھارت نے جو کھیل کھیلا، اس کا جواب دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کو مسلمانوں کو مارنے کا شوق ہے، لیکن پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا۔سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ ہمیں بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ اگر تم ایسی حرکتیں کرو گے تو سخت جواب ملے گا۔ انہوں نے پاکستان کے امن پسند موقف پر بھی زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم دنیا کو بتارہے ہیں کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، لیکن اپنی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پاکستان کی ایک کروڑ اقلیتی برادری وطن پر جان نچھاور کرنے کے کئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور بقا کے لئے اقلیتیں اکثریت کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور اس وطن کے تحفظ کے لئے یکجان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سب کا وطن ہے اور میرا سرٹیفکیٹ پاکستان کا جھنڈا ہے۔سینیٹر کامل علی آغا نے بھی خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم بھارت کے مقابلے میں ہمیشہ متحد رہی ہے اور اب بھی پوری قوم ایک جان ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے اور بھارتی فوج کے ہی ایک جنرل نے اعتراف کیا کہ یہ سب ایک منصوبہ بند ڈرامہ تھا۔کامل علی آغا نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارتی دعوے سچے تھے تو وہ 28 لاشیں آج تک کیوں نہیں دکھائی گئیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد کی ہلاکت کی خبریں پھیلائی گئیں، وہ جوڑا بعد میں زندہ سلامت میڈیا پر سامنے آ گیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی پر خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اس کے ڈیم صفحہ ہستی سے مٹا دیئے جائیں گے۔

سینیٹر گردیپ سنگھ نے اپنے خطاب میں بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک بھارت ہے جس نے گولڈن ٹیمپل اور بابری مسجد جیسے مقدس مقامات پر حملے کر کے اپنی ریاستی دہشت گردی ثابت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت دوسروں کو انسداد دہشت گردی کا درس نہیں دے سکتا، کیونکہ بھارتی دہشت گردی کا زندہ ثبوت کلبھوشن یادیو پاکستان کے پاس موجود ہے۔سینیٹر گردیپ سنگھ نے زور دیا کہ پاک فوج تنہا نہیں، 25 کروڑ پاکستانی عوام اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر ملکی دفاع کے لئے متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے انتہا پسند بھارتی وزیر اعظم کو دنیا کے امن کے لئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر سرمد علی نے بھارت کے جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی ثبوت اور بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر الزام عائد کیا۔انہوں نے نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا بھی اس بات کی تصدیق کر رہا ہے کہ بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔سینیٹر سرمد علی نے الزام لگایا کہ بھارت اپنی سکیورٹی کی ناکامی چھپانے کے لیے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک روایتی بھارتی چال ہے جو ہر بار اپنی اندرونی کمزوریوں کو چھپانے کے لئے پاکستان پر انگلی اٹھاتا ہے۔

سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ورلڈ بینک کو بیدار کرنا ہوگا، کیونکہ بھارت اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔سینیٹ اجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ایک واضح پیغام دینا ضروری ہے، کیونکہ ہر واقعے کے بعد بغیر تحقیق کے پاکستان کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے پہلگام واقعے کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ اس واقعے میں مسلمان بھی قتل ہوئے، لیکن ذمہ داران کا کوئی پتا نہیں۔ پاکستان کی سرحد اس مقام سے 200 کلومیٹر دور ہے، تو پھر الزام کس بنیاد پر لگایا گیا؟سینیٹر ابڑو نے بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ پاکستان عالمی فورمز پر یہ مسئلہ بھرپور طریقے سے اٹھائے اور بھارتی الزامات کا حقائق پر مبنی جواب دے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589646

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں