اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں اور معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے،اگر حکومت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کرے تو پاکستان اپنی ایکسپورٹ بڑھا کر معیشت کو مستحکم کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں چیئرمین آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری کی جانب سے کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس (سیج) کے اعزاز میں عشائیے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ ،صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی ،صدرکونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس راجہ کامران ، سیکرٹری کاشف منیر ، سینئر صحافی مسعود صدیقی ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی، صدر ہنزہ چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز مبارک حسین، صدر غذر (گلگت بلتستان) چیمبر آف کامرس راجہ میر نواز اور دیگر کاروباری افراد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت نے ملک کی 10 سالہ صنعتی پالیسی پر اتفاق کیا ہے جس میں انرجی پرائس اور شرح سود میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اہم مسائل کو اجاگر کرنے میں میڈیا نے ہر وقت تعاون کیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی ایسا تعاون جاری رہے گا۔احسن بختاوری نے کہا کہ آج ملک کی معاشی حالت بہتر ہے ، دو سال قبل میڈیا کے ساتھ مل کر ہم نے مسائل اجاگر کیے۔ احسن بختاوری نے مزید کہا کہ میڈیا آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر ریسرچ کرے، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور غیر روایتی اقدامات کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان، چین اور ترکی نے مشکل میں ہمارا ساتھ دیا ان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ ایکسپورٹ اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں، خطے میں کئی اہم ممالک کے ساتھ تجارت بڑھائی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس اور ایف پی سی سی آئی کو مشکل حالات میں ساتھ دینے والے ممالک کے ساتھ تجارتی و دیگر تعلقات کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرنے چاہیے۔ ٹورازم ایک بڑی صنعت ہے اور حکومت کو اس کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے۔ فارن انویسٹر کو متوجہ کر کے فارن ریزروز بڑھائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی اور آئی پی پیز کے معاملات پر آواز اٹھانے میں میڈیا کا تعاون ناقابل فراموش ہے۔
بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ایکسپورٹ کو مزید بڑھایا جا سکے۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں ترقی کے لیے بجلی کی خصوصی رعایت دی جائے جبکہ سولر اور ونڈ انرجی کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ایف پی سی سی آئی اور بزنس کمیونٹی کے لیے آنکھ اور کان کا کام کرتا ہے اور مسائل اجاگر کرنے میں اس کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔ سیج کو ایف پی سی سی آئی میں مناسب شناخت دی جائے تاکہ ملکی معاشی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جا سکیں۔