ملک کے حالات تقاضا کرتے ہیں کہ مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جائے ، پاکستان علماء کونسل

161
TAHIR MEHMOOD

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور سیکرٹری جنرل مولانا اسعد زکریا قاسمی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے حالات تقاضا کرتے ہیں کہ مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جائے ۔

پاکستان علماء کونسل ملک کے موجودہ حالات میں سیاسی و مذہبی قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رہی ہے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں جن جماعتوں کو عوام نے منتخب کیا ہے ان کو باہمی مفاہمت اور مذاکرات سے عوام کی خدمت کیلئے آگے بڑھنا چاہیے۔ علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر نے پاک ایران سرحد پر ضلع پنجگور کے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور سلامتی کے ادارے پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے وہ ہر قسم کی قربانی دے رہے ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کریں جو سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقوں میں سلامتی کے اداروں اور عوام پر حملہ آور ہوتے ہیں۔