ملک کے دفاعی نظام کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا ہے ،آئی ایس پی آر

125
ISPR

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):ملک کے دفاعی نظام کو ناقابل تسخیر بنانے کےلئےایئر ڈیفنس ویپن سسٹم کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سونمیانی میں پاک فوج نے البیضا 3 کی مشقیں کیں جس میں مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔مشقوں کے دوران مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی فائرنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا جس کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشاہدہ کیا۔

ان مشقوں کے دوران ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم، لو ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم، شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم اور وسیع تر شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔پاکستان کی سرحدوں کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے اور سنگ میل کے طور پر اونچے سے درمیانے درجے کے ایئر ڈیفنس ویپنز سسٹمز پہلے ہی وار میں ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے ۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کور آف آرمی ایئر ڈیفنس کی مہارت اور آپریشنل تیاری کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو سراہا۔جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے خلاف پیدا ہونے والے کسی بھی خطرے کو روکنے اور اس کا جواب دینے کے لیےاپنی ضروریات کے مطابق نظام کو جدید بنا رہی ہیں۔

کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور انسپکٹر جنرل آرمز نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی ایئرڈیفنس سینٹر میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔