راولپنڈی۔31مارچ (اے پی پی):ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا۔ ضلع بھر میں سات سو سے زائد مساجد، امام بار گاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء اور خطیب حضرات نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی۔ علمائے کرام نے اپنے خطبات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی کی دعائیں مانگیں جبکہ وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔
راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے اپنا وقت دوست احباب، عزیزوں کے ساتھ گزارا اور مستحقین کی مدد کی۔ عید کے پر مسرت موقع پر مہمانوں کو پیش کرنے کے لئے سویاں، کھیر اور دیگر میٹھی ڈشز کا خاص اہتمام کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کی جامع مسجد میں نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد شہداء پولیس کے درجات کی بلندی، مسلم امہ اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق چاند رات اور عید الفطر پر پولیس کے 5000 سے زائد افسران و جوانوں نے فرائض انجام دیئے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 600 سے زائد ٹریفک پولیس کے افسر و جوان تعینات کئے گئے۔ چاند رات اور عید پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں۔
پبلک مقامات، پارکس اور قبرستانوں کی سیکورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران تعینات کیے گئے۔ عید کے دنوں میں ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، ڈولفن فورس اور محافظ سکواڈ بھی فرائض انجام دیں گے جبکہ تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سکواڈ علاقہ میں خصوصی گشت کر رہے ہیں۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔
ترجمان آر ڈبلیو ایم سی کے مطابق ورکرز چاند نظر آتے ہی صفائی میں مصروف ہو گئے۔ سڑکوں کو دھویا، مساجد، عید گاہوں اور قبرستانوں کی صفائی کر کے پانی اور چونے کا چھڑکائو کیا۔ نماز عید سے پہلے شہر کو صاف کیا اور پورا دن صفائی یقینی بنانے میں مصروف عمل رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577639