کراچی ۔ 14 اگست (اے پی پی)پاکستان کا 70واں یوم آزادی جوش و خروش اور ملی یکجہتی سے منایا گیا۔صوبائی دارلحکومت کراچی میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی یکجہتی،امت مسلمہ کے اتحاد اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ،بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی ۔گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاپ اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار ِ قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کموڈور عدنان احمد اس موقع پرمہمان خصوصی تھے جنہوں نے اعزازی گارڈ کا معائنہ کیا۔بعد ازاں، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی نے پاک بحریہ کے سربراہ، آفیسرز، سی پی اوز سیلرز اور سویلینز کی جانب سے مزار َ قائدپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان میںبھی یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی ۔گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے سلسلے میں ہم تحریک پاکستان کے ہیروز کے احسان مند ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آزادی کی منزل حاصل ہوئی۔پاک بحریہ کی جانب سے اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ساحلی علاقوں میں یونٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66209