ملک کے عوام کو مسائل سے نجات دلانا چاہتے ہیں ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی میں آئین کی گولڈن جوبلی کے حوالہ سے منعقدہ کنونشن سے خطاب

213

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 10 اپریل 1973 کو ہمارا آئین بنا ، یہ ہماری 50سالہ جدوجہد کا یوم تاسیس ہے ، ہم ملک کے عوام کو مسائل سے نجات دلانا چاہتے ہیں ،ہم ملکی اداروں اور نظام کی بقا کے لئے سازشیں برداشت کرتے رہے ،اب بھی اداروں میں ایسا طبقہ موجود ہے جو نہیں چاہتا کہ میثاق جمہوریت چلے اور ہمارا اتحاد قائم رہے ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں آئین کی گولڈن جوبلی کے حوالہ سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کا آئین اسلامی جمہوری اور پارلیمانی ہے پاکستان کا آئین ہی وہ زنجیر ہے جس نے تمام صوبوں کو جوڑ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کا دن ہمارے سلیبس میں ہونا چاہئے تاکہ نئی نسل کو بتایا جا سکے کہ 14 اگست 1947 کو پاکستان بنا اور 10 اپریل 1973 کو ہمارا آئین بنا ، یہ ہماری 50سالہ جدوجہد کا یوم تاسیس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ایک ٹوٹے اور بکھرے ہوئے ملک کو آئین دے کر متحد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے کیونکہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ سیاستدانوں اور جمہوری قوتوں کے درمیان فاصلوں اور اختلافات کا فائدہ غیر جمہوری قوتیں اٹھاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سلیکٹڈوزیر اعظم کو لانے کی سازش کی گئی جس کا مقصد 1973 کے آئین کو ختم کرکے ایک مرتبہ پھر ون یونٹ بنانا تھا ، ملک کی جمہوری قوتوں نے 10 اپریل 2022 کو متحد ہوکر تاریخ میں پہلی بار جمہوری اختیار استعمال کے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھجوایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے عوام کو مسائل سے نجات دلانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے اداروں اور نظام کی بقا کے لئے ان کی سازشیں برداشت کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی اداروں میں ایسا طبقہ موجود ہے جو نہیں چاہتا کہ میثاق جمہوریت چلے اور ہمارا اتحاد قائم رہے ، وہ اسی سلیکٹڈ راج قائم کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے ، عدالت کو بھی ایسا ہو نا چاہئے کہ ہر پاکستانی اسے آئین کا محافظ تسلیم کرے ، اس وقت آئینی بحران چل رہا ہے ہمیں بتایا جا رہا ہے کہ دو جمع دو تین ہیں حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ دو جمع دو چار ہوتے ہیں ، عمران خان جو معاشی حملہ کرکے گیا تھا ہم ملک کو اس سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں ،

سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے قومی سلامتی کمیٹی میں فیصلے ہوئے ہیں دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن کا آغاز کر رہے ہیں ،ماضی کی طرح دہشت گردوں کو شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اور مہنگائی تاریخی دور سے گزر رہی ہے ، ملک کی معیشت کو درست کرنا کسی ایک شخص کا کام نہیں اس کیلئے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ، ہمارے اداروں کو سنجیدہ ہوکر اس حوالے سے آئین کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔