اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)کی جانب سے اتوار کو ملک کے مختلف آبی ذخائر سے 3 لاکھ 32 ہزار 400 کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا جبکہ پانی کی آمد 5 لاکھ 22ہزار 400 کیوسک ہے۔ ارسا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1510.20 فٹ ہے جو ڈیم کے ڈیڈ لیول 1,398 فٹ سے 112.20 فٹ زیادہ ہے۔
ڈیم میں پانی کی آمد اور اخراج بالترتیب 287,700 کیوسک اور 133,000 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح دریائے جہلم میں منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1190.80 فٹ ہے جو ڈیڈ لیول 1050 فٹ سے 142.80 فٹ زیادہ ہے۔ پانی کی آمد اور اخراج بالترتیب 49,0700 کیوسک اور 13,700 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
مزید برآں کالاباغ، تونسہ، گدو اور سکھر میں پانی کا اخراج بالترتیب 209200، 168100، 111400 اور 49600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح دریائے کابل سے نوشہرہ کے مقام پر 91,400 کیوسک اور دریائے چناب سے مرالہ کے مقام پر 62,400 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔