ملک کے مختلف شہروں میں نویں محرم الحرام کو کل 2,763 جلوس برآمد ہوئے ، اسلام آباد کا مرکزی جلوس اپنے مقام آغاز اثناء عشری پر اختتام پذیر ہوگیا

75
اسلام آباد، جی سکس میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہو گیا

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):ملک بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی کربلا میں بے مثال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ کو نویں محرم الحرام کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں علم، تعزیے اور ذوالجناح کے کل 2,763 جلوس برآمد ہوئے اور 7,598 مجالس کا اہتمام کیا گیا،

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ کے شہر روہڑی میں پاکستان کے سب سے بڑے جلوسوں میں سے ایک جلوس میں شرکت کی، یوم عاشور کل اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا ئے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سیکیورٹی ادارے اور سول انتظامیہ تمام مجالسِ ، جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں رہے۔ نویں محرم کے جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے اور کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

نویں محرم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہاتوں میں بھی علم، تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس برآمدہوئے۔ جلوس کے شرکا نے روایتی انداز میں نوحہ خوانی اور ماتم داری کرتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے خانوادہ کے شہدا کو پرسہ پیش کیا۔

ذاکرین اور علمائے کرام نے عظیم شہادت اور لا زوال قربانی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا اور حضرت امام عالی مقام علیہ السلام کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ نویں محرم الحرام کو لاہور کراچی، کوئٹہ، پشاور، ملتان ، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہوئے، قبرستانوں میں بھی لوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی،سبیلوں اور نیاز کا اہتمام کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ جلوس کے راستوں پر بھی جگہ جگہ لنگر و نیاز کا اہتمام کیا گیا اور دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی گئیں۔

جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جلوس کے داخلی اور خارجی راستے خاردار تاروں سے سیل کیا گیاتھا۔ جلوسوں ، امام بارگاہوں ، دیگر مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ خصوصی کنٹرول رومز اور سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی گئی۔ عزاداروں کی سہولت کیلئے ایمبولینس، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، واپڈا، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار و افسران جلوسوں کے ہمراہ تعینات تھے۔

پولیس ،رینجرز ،ایلیٹ فورس، ڈولفن سمیت مختلف اداروں کے اہلکار جلوسوں کے ساتھ موجود رہے۔ اسی طرح ریسکیو 1122،محکمہ صحت اورسول ڈیفنس سمیت مختلف تنظیموں کے رضاکاروں کی جانب سے مختلف مقامات پر طبی کیمپس بھی لگائے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے فوری نمٹا جا سکے۔

ملک بھر میں یوم عاشور کل اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس کا دورہ کیا، آئی جی پی، ڈی جی اسلام آباد واٹر، ڈی جی ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سی ڈی اے، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کے اے ڈی سی جی، متعلقہ علاقے کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر اعلی افسران موجود تھے۔

پولیس کے تمام ونگز کو بہترین فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تمام ونگز 9ویں محرم کے جلوس کے دوران مکمل کوآرڈینیشن میں رہے، سیف سٹی کیمروں کے سی سی ٹی وی کے ذریعے بھی جلوس کی مناسب نگرانی کی گئی۔

سی ڈی اے، ایم سی آئی/ ڈی ایم اے اور آئی سی ٹی ٹیموں کی متعلقہ فارمیشنز 9 محرم کے روٹ پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی جسکے مطابق سی ڈی اے کے صفائی، نکاسی آب، اسلام آباد کے واٹراور ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکمے اور دیگر متعلقہ ٹیمیں روٹ کے ساتھ تعینات رہیں اور جلوس پرامن طور پر اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گیا۔