ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

165

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ ،لاہور ، سیالکوٹ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، کوہاٹ، پشاور، بنوں ، کرک اورڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈ نگ جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران موسلادھاربارش کے باعث کشمیر، ڈیرہ غازی خان، کوہلو، سبی، بارکھان،ژوب ، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اورموسٰی خیل کے پہاڑی علاقوں اور ملحقہ مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔

آج جمعہ کے روز کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا ،اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار ، پنجاب،مشرقی/ شما ل مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اس دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی /وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا،کشمیر ،گلگت بلتستان اورسندھ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب میں فیصل آباد 40، نور پور تھل 27، ساہیوال 26،

جھنگ 19، ٹی ٹی سنگھ 18، لاہور (سٹی 12 اور ایئرپورٹ 07)، سرگودھا ، حافظ آباد 07، نارووال 06، قصور 05، بھکر، گوجرانوالہ03، کروڑ (لیہ)، اوکاڑہ 01،خیبرپختونخوا میں دیر (بالائی 20 اور زیریں 01)، کالام 17، پتن 12، بالاکوٹ 09، مالم جبہ 08، سیدو شریف 05، ڈی آئی خان (سٹی 04 اور ایئرپورٹ 03)، پاراچنار 02، دروش 01،گلگت بلتستان میں بگروٹ 09، ہنزہ 06، گلگت 05، گوپس 03، استور 01،

کشمیر میں مظفرآباد (شہر 06 اور ایئرپورٹ 03)، بلوچستان میں سبی 09، ژوب 05، سندھ میں موہنجو داڑو میں 01 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت 45 ، شہید بینظیرآباد اور دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔