جنیوا۔30نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نےخبردارا کیا ہے کہ حالیہ برسوں میں ملیریا کے خاتمے کے خلاف کوششوں میں پیش رفت کا سلسلہ تعطل کا شکار ہونے کے بعدگزشتہ سال ایک بار پھردنیا بھر میں ملیریا سے اموات 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے پیر کو عالمی ملیریا رپورٹ 2020 جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملیریا کے خاتمے کی کوششوں میں پیش رفت میں کوئی تبدیلی نہیں آنے کے باعث خصوصاً افریقی ممالک میں ملیریا کیسز اور اموات میں اضافہ درپیش ہے ۔ گزشتہ سال عالمی سطح پر ملیریا کیسز کی تعداد تقریباً 22کروڑ 90 لاکھ تک پہنچ گئی جو گزشتہ 4 سالوں سے اسی طرح برقرار ہے جبکہ گزشتہ 2 سالوں میں ملیریا سے اموات میں تیزی سے ہوتی ہوئی کمی بھی رک گئی ہے ۔ 2000 میں دنیا بھر میں ملیریا سے اموات 7 لاکھ 36 ہزار تھی جو 2018 میں کم ہو کر 4 لاکھ 11 ہزار اور 2019 میں یہ تعداد 4 لاکھ 9 ہزار ہو گئی جس میں 90 فیصد اموات کا تعلق افریقہ سے ہے جہاں گزشتہ سال ملیریا سےاندازاً 3 لاکھ 84 ہزار اموات ہوئیں ۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا کہ ملیریا کی عالمی رفتار کو تبدیل کرنے اور بین الاقوامی سطح پر متفقہ اہداف تک پہنچنے کے لئے علاج، نئے طریقہ کار اورفنڈز میں اضافہ سے اس بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے کیونکہ فنڈز کی کمی ایک اہم خطرہ بنا ہوا ہے جس میں 2019 میں 5.6 بلین ڈالر کے ہدف میں سے صرف 3 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارے نے کہا کہ فنڈز کی کمی سے ملیریا پر قابو پانے کے طریقہ کار تک رسائی میں رکاوٹ درپیش ہے اس لیے یہ وقت ملیریا کے خلاف افریقی اور عالمی قیادت کے لیے ایک بار پھر کھڑے ہونے اور مشترکہ کوششوں کا ہے ۔