اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مل کر کام کرنے سے ہم زمین کے انحطاط کا مقابلہ اور پائیدار و لچکدار پاکستان کی تعمیر کر سکتے ہیں، صحرا اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن2024 کے موقع پر ہم ”زمین کے لئے متحد” کے موضوع کے تحت زمین کی دیکھ بھال کی اہمیت ہمارا ورثہ ،ہمارا مستقبل ہے پر زور دینے کے لئے اکٹھے ہیں ، یہ دن ہمیں موجودہ اور آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زمین کی حفاظت اور بحالی کی ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صحرا ئوں اور خشک سالی کےخاتمے کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو 17 جون 2024 کو منایا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں، ریگستان، زمین کا انحطاط اور خشک سالی اہم چیلنجز ہیں جو لاکھوں زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں، ہماری حکومت پائیدار زمین کے انتظام کے طریقہ، جنگلات کی بحالی کے پروگراموں اور جدید زرعی تکنیکوں کے ذریعے ان مسائل کو حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، ہمیں تمام سٹیک ہولڈرز یعنی کمیونٹیز، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں کو شامل کرتے ہوئے ایک مشترکہ نقطہ نظر کو فروغ دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ مل کر کام کرکے ہم زمین کے انحطاط کا مقابلہ اور ایک پائیدار اور لچکدار پاکستان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ صحرائیت اور خشک سالی سے بچائو کے دن کے موقع پر ہم اپنی زمین کے تحفظ کے لئے متحد ہونے کا عہد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ ہمارے ورثے اور مستقبل کے لئے ایک اہم وسیلہ رہے۔ واضح رہے کہ یہ دن منانے کامقصد زرخیز زمینوں کو بنجر صحرائوں میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے۔