لاہور۔25جون (اے پی پی):ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور کنوینئر چائلڈ رائٹس کا کس سارہ احمد نے پنجاب اسمبلی میں منعقدہ اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔یہ اجلاس یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے بچوں پر مرکوز عوامی اور سماجی شعبے کی سرمایہ کاری کے موضوع پر منعقد کیا گیا۔اجلاس میں کنوینئر پنجاب ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جیز اسامہ فضل،چائلڈ رائٹس کاکس کے اراکین، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔مشاورتی اجلاس کا مقصد بجٹ کی منصفانہ تقسیم اور بچوں پر مرکوز پالیسیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں ایک مضبوط فالو اپ نظام کا قیام تھا۔اجلاس کے دوران بچوں کیلئے مخصوص بجٹ سازی، مالیاتی حکمت عملیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یونیسیف پاکستان کی ڈپٹی نمائندہ پروگرام شرمیلا رسول نے اجلاس میں بجٹ میں مساوات کے فروغ کے سلسلے میں درپیش چیلنجز اور حکمت عملیوں پر ایک معلوماتی پریزینٹیشن دی۔اس موقع پر ایم پی اے سارہ احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی نے ہمیشہ بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔سارہ احمد نے اس بات پر زور دیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے پہلی مرتبہ چائلڈ رائٹس کاکس کا قیام بچوں کے حقوق کی پارلیمانی سطح پر ترجمانی کے لیے ایک نمایاں قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مساوی بجٹ سازی میں اراکین اسمبلی، قائمہ کمیٹیوں اور کاکسز کا کلیدی کردار ہے۔سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے لیے مساوی، منصفانہ اور ترجیحی بجٹ کی تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے شراکت داری اور متبادل مالی ذرائع کے ذریعے وسائل میں اضافہ ممکن ہے۔