ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان کے جرائم کی تصدیق ہے، مریم اورنگزیب

ضمنی انتخابات کا نتیجہ الیکشن کمشن اور اداروں کی جانبداری کے خلاف بیانیہ کی موت ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ممنوعہ فنڈ نگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عمران خان کےجرائم کی تصدیق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چور ،جھوٹا اور منی لانڈرر آخر آٹھ سال بعد پکڑا گیا، عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے، وہ صادق اور امین نہیں، پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفیٰ دیں، عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، اس پر الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی ہے۔ عمران خان نے اسرائیل، بھارت، امریکا ، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ برپا کیا۔ عمران خان نے جانتے بوجھتے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 غیر ملکیوں سے فنڈنگ لی اور جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ 13غیرقانونی بینک اکانٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمشن سے چھپاتا رہا، عالمی فراڈیوں نے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔

عمران خان نے جان بوجھ کر اپنے چار ملازمین طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق کے نام پر پیسے منگوائے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور منی لانڈرز نے وکیل بدلے، الیکشن کمیشن سے بھاگے اور کئی دفعہ کیس روکنے کے لئے پٹیشنز دائرکیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے، وفاقی حکومت قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اس چوری کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر حملے کر رہا ہے۔