
اسلام آباد ۔24 مارچ (اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین اور سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے علاقائی امن، باہمی تعاون کے فروغ اور سارک تنظیم کو مزید موثر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہفتہ کو دونوں سربراہان مملکت کے درمیان یہ اتفاق رائے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ہوا ۔ سری لنکا کے صدر کی ایوان صدرآمد پر صدر مملکت ممنون حسین نے ان کا خیر مقدم کیا اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انھیں گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر دونوں صدور نے کچھ دیر ون آن ون ملاقات بھی کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے گئے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریبات میں سری لنکا کے سربراہ مملکت کی شرکت خوش آئند ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی ظاہر ہوتی ہے۔ اس پر سری لنکا کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی دعوت پر اس کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت میرے لیے باعث مسرت اور سری لنکا کے عوام کے لیے باعث اعزاز ہے، ہم پاکستان کو اپنا حقیقی بھائی اور دوست تصور کرتے ہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ علاقائی امن واستحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپورتعاون جاری رکھیں گے۔ فریقین نے علاقائی ترقی کے لیے تعاون پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے سارک تنظیم کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا۔