ممکنہ بارشوں و سيلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن

92
Flood High Alert

حیدرآباد۔ 29 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حیدر آباد زین العابدین میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ بارشوں و سيلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت ہر ممکن اقدامات کیے جائیں بصورتِ دیگر کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے آندھی اور موسلادھار بارشوں کے بار بار الرٹ جاری کیے جا رہے ہیں ،اس لیے متعلقہ محکموں کو مستعد رہنے کی ضرورت ہے

،اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ موسلادھار بارشوں اور آندھی یا طوفان سے پہلے تمام تر مطلوبہ انتظامات کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے لوکل گورنمنٹ اور محکمہ آبپاشی کے افسران سے نالوں کی بھل صفائی سے متعلق استفسار کیا کہ وہ برساتی نالوں کی پیش رفت سے متعلق اجلاس کو آگاہ کریں جس پر متعلقہ افسران نے اجلاس کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں برساتی نالوں کی بھل صفائی کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ مون سون بارشوں سے قبل ہی بھل صفائی کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد زین العابدین میمن نے متعلقہ افسران کو پمپنگ سٹیشنز کی موجودہ صورتحال اور وہاں جنریٹر سمیت دیگر سامان کی دستیابی سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر متعلقہ افسران نے کہا کہ اس سے متعلق کانٹیجنسی پلان جلد ہی جمع کروادیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں ابھی تک نالوں کی صفائی نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے ٹی ایم سی کے اہلکاروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ مون سون سے قبل اپنے تمام تر مطلوبہ انتظامات کو حتمی شکل دے دیں تاکہ عوام الناس کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ مطلوبہ سامان سے متعلق آج ہی تفصیلات جمع کروائیں

تاکہ پی ڈی ایم اے کو آج ہی بھیج دیا جائے، اہم بات یہ کہ جو بھی سامان پی ڈی ایم اے سے وصول کیا جائے گامتعلقہ افسران اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ پی ڈی ایم اے کو سامان واپس کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کہ وہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بخوبی نمٹا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوکل پرسن کی نامزدگی کے ساتھ ساتھ 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کرنے کو بھی یقینی بنائیں تاکہ عوام الناس کی شکایات کو فوری حل کیا جا سکے۔ زین العابدین میمن نے حیسکو کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ درختوں کو تراشنے سمیت تمام فنی مسائل کو حل کرنےکو یقینی بنالیں

تاکہ ایمرجنسی کے دوران عوام الناس کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو مون سون بارشون یا ممکنہ سیلاب کی صورت میں متاثرین کو ٹھرانے کیلئے ریلیف کیمپس کے حوالے سے تفصیلات جمع کروائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کہدایت کی کہ وہ زبوں حال و خطرناک عمارات کی نشاندہی کریں اور اس وقت تک منہدم ہو جانے والی عمارات کی بھی تفصیل جمع کروائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مہوش اعجاز ، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی انیس احمد عباسی، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد سعود احمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد عبد الواحد چنہ، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی بابر صالح راہپوٹو، میونسپل کمشنر ایچ ایم سی جام ظہور لکھن ایم ڈی واسا ذیشان ملک کے علاوہ، محکمہ ایریگیشن حیسکو، سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔