قصور۔ 11 جولائی (اے پی پی):قصورمیں سیلاب کی وراننگ جاری کر دی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کی ہدایات پر فلیڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے،اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری کا دریائے ستلج پر تلوار پوسٹ کے مقام پر قائم ریلیف کیمپس کا دورہ‘ ریلیف کیمپس میں تمام تر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری کا کہناتھاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فیلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں‘ ضلعی انتظامیہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر قصورنے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں‘ ریلیف کیمپس میں تمام تر سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ دریائے ستلج کے مقام گنڈا سنگھ والا میں اس وقت20 ہزار کیوسک کا اخراج ہے جبکہ کل تک یہ اخراج 60 ہزار کیوسک ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج سے ملحقہ 10 گاؤں حساس قرار دے دئے گئے ہیں جن میں چندہ سنگھ، ماھی والا، فتی والا، فتوحی والا، چھانٹ، مستے کی، دھوپ سڑی سمیت دیگر گاؤں متاثرہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مقامی افراد کی نقل مکانی شروع کردی‘مقامی افراد نے اپنے جانور اور زرعی اجناس بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں۔