مظفرگڑھ۔ 22 جولائی (اے پی پی):ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی جانب سے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر دریائے چناب کے مغربی کنارے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،دیگر شرکاء میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ خضر ظہور اور پی-ڈی-ایم-اے کوآرڈینیٹر عرفان سیال نے شرکت کی جبکہ لائن ڈیپارٹمنٹس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، لائیو سٹاک کے ساتھ ساتھ فلاحی تنظیم دوآبہ فائونڈیشن کی جانب سے سٹالز بھی لگائے گئے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر عبیداللہ خان نے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کو ریسکیو 1122 کی جانب سے فلڈ کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات اور مظفرگڑھ کے ایسے تمام مقامات جہاں سیلابی صورتحال میں زیادہ خطرات لاحق ہیں اور وہاں پر ریسکیو1122 کی جانب سے کی جانے والی ڈیپلائمنٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی جانب سے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ، کشتی رانی، ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے کی مشقوں سمیت میڈیکل فرسٹ ایڈ، تیراکی اور غوطہ خوری جیسی عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر عبیداللہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ دو دریاؤں کے درمیان گھرا ہو ہے اور اس وقت ہمیں دونوں اطراف سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ میں اس وقت درمیانے درجہ کا سیلاب ہے جسکے پیشِ نظر لنڈی پتافی، گبر آرائیں اور سرکی کے مقامات پر ریسکیو1122 کی جانب سے ایمرجنسی رسپانس ٹیمز تعینات کی جا چکی ہیں، اور اگر ہمیں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ہم تمام تر ریسورسز کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو نہایت متاثر کن قرار دیتے ہوئےکہا کہ ان عملی مشقوں سے ہمیں اپنی استعداد کار کا اندازہ ہوتا ہے جسکی بنیاد پر ہم اپنی کمی کوتاہیوں کو بروقت پورا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر دیگر اداروں کے حکمت عملی پلانز اور تیاریوں کا جائزہ بھی لیا، انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس وقت ہمیں دریائے سندھ میں درمیانے درجہ کی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور اس حوالہ سے ہماری تیاریاں اور انتظامات مکمل کئیے جا چکے ہیں،انہوں نے ریسکیو1122 کی جانب سے تیسری فرضی مشقوں کے دوران بہترین کارکردگی پر ریسکیورز کوشاباش بھی دی۔