ریاض ۔ 10 اگست (اے پی پی) حرمین شریفین امور کی جنرل پریذیڈنسی نے اعلان کیا ہے کہ امسال حج موسم میں حرم شریف کی تیسری توسیع(شاہ عبداللہ توسیع) کے مکمل منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکرٹری جنرل پریذیڈنسی برائے ابلاغی امور محمدالمالکی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضیوف الرحمان کے آرام و راحت اور مناسک حج کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرنے کی تیاریا ںمکمل کرلی گئیں۔ سکیورٹی ادارے حرم شریف آنے جانے میں تعاون کریںگے۔ زائرین کو حرم شریف آنے جانے میں درپیش رکاوٹوں کے ازالے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ حرم انتظامیہ نے ضیوف الرحمن کو 10 شعبوں میں سہولتیں فراہم کرنے کا انتظام کررکھا ہے۔ حرم شریف کے خطبات کا فوری ترجمہ 10زبانوں میں ہوگا۔ ان میں انگریزی، اردو، فرانسیسی اور فارسی زبانیں سرفہرست ہیں۔ زائرین کی رہنمائی کیلئے 8زبانوں کے رہنماﺅں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں۔ حرم شریف کے دروازوں پر زائرین کے استفسارات کے جواب دینے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔