ڈیرہ غازی خان ۔ 24 جون (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں صوبائی اتحاد بین المسلمین کے وفد نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر منعقدہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس ڈویژنل انتظامیہ اور صوبائی اتحاد بین المسلمین کی زیر سرپرستی محرم الحرام کے پیش نظر منعقد کی گئی۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وہ استحکام اور دفاعِ پاکستان کا پیغام لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ واریت کے خاتمے، ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے علماء، ذاکرین اور عوام کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ منبر و محراب سے امن اور اتحاد کا پیغام دیا جائے اور تمام مکاتبِ فکر ایک دوسرے کے عقائد و عبادات کا احترام کریں۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام ڈرامہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے اور پاکستانی قوم و افواج نے "آپریشن بنیان مرصوص” میں شاندار کامیابی حاصل کی، جسے دنیا تسلیم کر چکی ہے۔
انہوں نے عزم استحکام اور امن قافلوں کے اجرا پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر کمشنر اشفاق چوہدری نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد امن کے پیغام کو عام کرنا اور محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس فورس مکمل طور پر الرٹ ہے اور ہر ممکن اقدام کیا جائے گا تاکہ محرم پرامن انداز میں گزرے۔ امن کمیٹیاں اور علمائے کرام ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں اور اس سال بھی ضلع میں مکمل امن و اتحاد برقرار رکھا جائے گا۔
اجلاس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، مہر شفقت اللہ مشتاق، ڈی پی اوز اور مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، ذاکرین اور امن کمیٹیوں کے اراکین شریک ہوئے۔ اختتام پر تمام شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا۔