منبر و محراب کو وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور معاشرہ کی اصلاح کے لئے کردار ادا کرنا ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

91

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ منبر و محراب کو وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور معاشرہ کی اصلاح کے لئے کردار ادا کرنا ہے، آج سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسلامی تعلیمات امن و سلامتی کا درس دیتی ہیں، مدرسہ عربیہ کے طلباء فتوی کو تسلیم کریں گے جو ان کے اکابرین نے دیا ہے جو کہ انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد اور خودکش حملوں کے خلاف ہے، پاکستانی فوج اور سلامتی کے اداروں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی دفاعی اور فوجی صلاحیت پر پورے عالم اسلام کو فخر ہے،دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کی دفاعی اور فوجی صلاحیت مضبوط ہے، ایران پاکستان کے حالیہ مسئلے پر پاکستان نے دنیا کو واضح کردیا ہے کہ ہم ایک پر امن قوم ہیں اور ہماری پالیسی امن کی پالیسی ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات بہتر ہوچکے ہیں ، ہم پڑوسی ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں ۔ وہ راولپنڈی کی جامع مسجد میں علماء اور طلبا سے خطاب کررہے تھے ۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کی خاتمے اور حل کے لئے منبر و محراب کلیدی کردار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دین کے تابع ہے ، دین حرام حلال کی تمیز سکھاتا ہے، معاشرے کی اصلاح کے لئے عام آدمی کی نسبت محرا ب و منبر والوں کی زیادہ ذمہ داری ہے ۔ میڈیا کی طرح منبر و محراب بھی ایک طاقت ہے۔ ہمارے معاشرے میں ان کی زیادہ سنی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں نرمی لانا ہوگی جس طرح پیغمبروں نے منکر ین دین سے نرمی سے بات کی۔ معاشرے کی اصلاح کرنا ہوگی اور بغیر تحقیقات فیک نیوز پر یقین نہیں کرنا چاہئیے۔ مساجد صرف عبادت کی جگہ نہیں امام مسجد اور مبلغ جھوٹ اور بے بنیاد پراپیگینڈے پر یقین نہ کرے ،قرآن و سنت کے مطابق عوام کی رہنمائی کریں ۔ معاشرتی مسائل کے حل کے لئے مسجدوں کے دروازے ہر وقت کھلے ہونے چاہئیں ۔

انہوں نے کہاکہ قرآن و سنت پر عمل پیراہوکر دوسرے کے مذہبی اور مسلکی جذبات ،احساسات اور مفادات کا خیال رکھا جائے۔ رویوں میں نرمی اور برداشت کواجاگر کرنے میں منبر و محراب اپنا کردار ادا کرے۔ اپنی اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیا ں پیدا کریں ۔صرف قرآن و سنت کے مطابق دئیے گئے فتوی کو قبول کریں ۔ پیغام پاکستان کے امن کے پیغام کے فروغ کے لئے آواز بلند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر خشک سالی اور موسمی بیماریوں کے خاتمے اور بارش کے لئے جمعہ کو نماز استسقا ادا کی جائے گی ، آپ مساجد میں روزانہ بارشوں کے لئے خصوصی دعا بھی کریں ۔ انہوں نے قرآن حفظ کرنے اور بخاری شریف کی تکمیل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی ،ان کےوالدین اور اساتذہ کوبھی طلبا کی کامیابی پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔