ملتان ۔ 30 مئی (اے پی پی):منشیات بحالی سنٹر ملتان کے زیر اہتمام ’’ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے‘‘ کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ منیجر شہید بے نظیر بھٹو ویمن کرائسس سنٹر سمارا شیریں خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد عام لوگوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور اس کاروبار سے وابستہ کاروباری اداروں کی ماحول دشمن سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔ صحت مند ماحول اور زندگی لوگوں کا حق ہے اور آئندہ نسلوں کی ضرورت ہے۔ انسپکٹر ارم حنیف، ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن نے کہا کہ تمباکو ہو یا دوسری منشیات ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے زہر کا کام کرتا ہے۔
سگریٹ پینے والے افراد منہ، گلے اور پھیپھڑوں کی شدید بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ اپنے ارد گرد رہنے والے دوسرے انسانوں کے لیے بھی خطرہ ثابت ہوتے ہیں۔ دیگر مقررین جن میں سپرنٹنڈنٹ ڈی آر سی، سمیرا ستار، پلیسمنٹ آفیسر محمد میثم صدیقی، میڈم عظمٰی امین سائیکالوجسٹ، محمد نبیل خان پبلک ریلیشن آفیسر ٹو ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی اب محض ایک ذاتی عادت نہیں رہی بلکہ یہ ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ اگر معاشرے کے سنجیدہ اور باشعور طبقہ نے اس طرف توجہ نہ کی تو شاید کوئی گھر اس تباہی سے نہ بچ سکے۔
سیمینار میں ڈی آر سی کے افسران، سٹاف، پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاران سمیت ادارہ میں مقیم کلائنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603568