سرگودھا۔14جون (اے پی پی):پنجاب ہائی وے پٹرولنگ ضلع خوشاب ڈی ایس پی غلام مجتبیٰ کی نگرانی میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ انسداد منشیات، ناجائز اسلحہ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لارہی ہے۔ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ سرگودھا ریجن ایس پی اختر جوئیہ کی قیادت میں ان قوانین پر عملدرآمد کروانے میں سب سے آگے ہے۔
تمام اضلاع کو خصوصی ٹاسک دیئے گئے ہیں کہ وہ سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کاروائی کریں۔ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ ضلع خوشاب نے منشیات کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کی ہے۔ انچارج پٹرولنگ پولیس منگوال سب انسپکٹر محمد عمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 89 کلوگرام سے زائد چرس اور 700کلو افیون برآمد کرکے منشیات سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
سب انسپکٹر محمد عمران انچارج پٹرولنگ پوسٹ منگوال نے ٹیم کے ہمراہ دوران ِگشت و سپیشل چیکنگ ایک کار نمبری LOU-8864 برنگ سفید جو کہ للہ ٹاؤن سے خوشاب جا رہی تھی جس کو ڈرائیور محمد سعید اللہ ولد محمد رمضان قوم چانڈیہ سکنہ بستی پوپل مظفر گڑھ چلا رہا تھا کو مشکوک جان کر روکا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر پچھلی سیٹ کے نیچے اور گاڑی کی باڈی کاٹ کر مخصوص جگہ بنائی گئی تھی کو چیک کرنے پر 89 کلوگرام چرس اور 700 کلو گرام افیون برآمد کرلی ۔
ملزمان کو مزید کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس میانوالی کے حوالے کیا گیا ہے ۔ ملزمان نے منشیات کو پنجاب کے دیگر اضلاع میں فروخت کے لیے لے جا رہے تھے۔ ملزمان کی نشان دہی پر تمام دیگر پٹرولنگ پوسٹوں کو انسداد منشیات کے حوالے سے الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ اس اعلیٰ کارکردگی پر متعلقہ ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔