اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک گیر 12 کاروائیوں کے دوران 25 کروڑ سے زائد مالیت کی 308.3 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پیرکواے این ایف کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 200 گرام چرس برآمد کر لی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
دیگر کاروائیاں میں ملتان ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر سے 1.2 کلو آئس، کراچی میں دو مختلف کاروائیوں میں کوریئر آفس میں دو پارسلز سے مجموعی طور پر 30.2 کلو آئس برآمد کر لی گئی، مذکورہ پارسلز آسٹریلیا کے لئے بک کئے گئے تھے۔
کوئٹہ میں مستونگ کے مختلف علاقوں سے 159 کلو مارفین اور 53 کلو ہیروئن، کراچی میں مشرف کالونی کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں سے ڈرم میں چھپائی گئی 40.8 کلو چرس جبکہ اسلام آباد میں ایم ون موٹر وے پر دو کاروائیاں 3 ملزمان سے9 کلو ہیروئن، 1 کلو افیون، 1.6 کلو آئس اور 1.2کلو چرس برآمد کر لی گئی۔
اس طرح کاک پل اسلام آباد کے قریب خاتون کے قبضے سے 4.2 کلو چرس اور 500 گرام ہیروئن، سبی روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے 4 کلو آئس اور ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔