فیصل آباد ۔ 29 اپریل (اے پی پی):ایڈیشنل سیشن جج محمد اویس نے تھانہ کوتوالی کے منشیات کیس میں ملوث ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 32سال قید بامشقت اور 11لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ استغاثہ کے مطابق، پولیس نے 8مارچ 2024 کو اسلام نگر کے رہائشی محمد عزیز خان پٹھان کو 12کلو600گرام چرس اور 3 کلو300گرام افیون سمیت گرفتار کیا گیا۔
منگل کو اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فاضل جج نے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ 1997 کی دفعہ 9(1)3(e) کے تحت 20سال قید بامشقت اور 8لاکھ روپے جرمانہ کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو 6ماہ کی اضافی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
دریں اثناء، عدالت نے ملزم کو کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ 1997 کی دفعہ 9(1)5(d) کے تحت 12سال قید بامشقت اور 3لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنایا۔ جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو 6ماہ کی مزید اضافی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589852