منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کے روک تھام کے لیے معاشرہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا سیمینار سے خطاب

184

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کے روک تھام کے لیے معاشرہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ہمیں معاشرے میں بہتری لانے کے لیے آنے والی نسل کی بہتر تعلیم و تربیت کرنی ہو گی۔ جمعہ کو پائیدار تمباکو کنٹرول پالیسیوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول روشن پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں ہمیں سکولوں سے طلبہ کا ڈراپ آؤٹ روکنا ہوگا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ہمیں بچوں کو معاشرتی برائیوں سے بچانا ہوگا تاکہ ہم پاکستان کو ایک بہتر مستقبل دے سکیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سگرٹ نوشی صحت کے لیے انتہائی مضر ہےاور اس سے سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں، سگریٹ نوشی سے دل کے امراض میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ کینسر کے مرض کے پھیلاؤ کا بھی سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان سمیت ساؤتھ ایشیا میں سگرٹ نوشی میں اضافہ ہو رہا ہے اور جو تعداد بڑھ رہی ہے اس میں خواتین اور بچوں کی اکثریت ہے یعنی معاشرے کے اس طبقے کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جو پہلے ہی کمزور تصور کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں غربت کو ایک بزنس بنا دیا گیا ہے لوگ اس سے اربوں کما رہے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی سگرٹ نوشی کے حوالے سے بات کی جاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ انڈسٹری زیادہ ٹیکس دیتی ہے اور اگر حاصل نہ کیا گیا تو معیشت میں بہتری نہیں آئے گی لیکن ہمیں دوسری طرف بھی دیکھنا چاہیے کہ اس ٹیکس کا بہت بڑا حصہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے بیمار ہونے والے لوگوں کی صحت پر ہسپتالوں میں خرچ کرتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ یہ سیگریٹ انڈسٹری ٹیکس تو دیتی ہے لیکن اس سے زندگیاں کتنی ضائع ہوتی ہیں اور سرکاری بجٹ کتنا بڑھ جاتا ہے، ہمیں عوام کی صحت پر توجہ زیادہ دینا ہو گی کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ہم اپنے خاندان والوں کی زندگی کی قیمت نہیں لگا سکتے اس لیے ہمیں منشیات باالخصوص سگریٹ نوشی کو روکنا ہوگا، سیگریٹ انڈسٹری سے حاصل ہونے والا ٹیکس عوام کی صحت سے بڑھ کر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر صحت مند معاشرہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔