منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد فوری توجہ کی متقاضی ہے،رانا عمران لطیف

47
منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد فوری توجہ کی متقاضی ہے،رانا عمران لطیف

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے چیئرمین رانا عمران لطیف نے ملک میں منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ انسانی وقار، صحت عامہ اور معاشرتی سلامتی سے براہ راست جڑا ہوا ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تنظیم کے چیئرمین نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں میں منشیات کے عادی افراد سرعام سڑکوں، پارکوں اور فٹ پاتھوں پر تشویشناک حالت میں پائے جاتے ہیں جو نہ صرف خود اپنی زندگی بلکہ شہری معاشرتی ماحول کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔انہوں نے اس معاملے پر متعلقہ حکام کی فوری توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یہ افراد محض مجرم نہیں بلکہ علاج کے منتظر بیمار انسان ہیں۔

چیئرمین پیاس انٹرنیشنل نے تجویز پیش کی کہ منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی مراکز کو وسعت دی جائے اور انہیں جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔شہری علاقوں میں ان افراد کو ریسکیو کر کے بحالی مراکز منتقل کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں،منشیات فروشوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور خصوصی ٹاسک فورس بنائی جائے جو بین الصوبائی سطح پر مؤثر کارروائی کرے۔

عوامی آگاہی کے لیے میڈیا، تعلیمی ادارے اور مذہبی رہنما اپنا کردار ادا کریں تاکہ نئی نسل منشیات سے محفوظ رہ سکے چیئرمین رانا عمران لطیف نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو اس اہم انسانی اور سماجی مسئلے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زیادہ مربوط قومی حکمت عملی مرتب کرنی چاہئے ۔

پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ منشیات سے متاثرہ افراد کو محفوظ، صحت مند اور باوقار زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔