منصوبہ بندی اور سیاسی عزم کے ساتھ ملک اپنی کھوئی ہوئی معاشی عظمت کو دوبارہ حاصل کر لے گا۔ شوکت ترین

70
وزیرخزانہ کی سرمایہ کاری بورڈ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مندسعودی سرمایہ کاروں سے بات چیت کوحتمی شکل دینے کی ہدایت

کراچی۔5نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ مناسب اقتصادی منصوبہ بندی اور سیاسی عزم کے ساتھ ملک اپنی کھوئی ہوئی معاشی عظمت کو دوبارہ حاصل کر لے گا۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ (سی ایف اے)سوسائٹی کی 18ویں سالانہ ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ نے کہا کہ تقریبا تمام معاشی اشاریے مثبت نمو دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو کرنٹ اکاونٹ کا بڑا خسارہ تھا اور روپے کی قدر میں بھی کمی کا سامنا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو سخت شرائط کے ساتھ ائی ایم ایف پروگرام میں گئی جس کی وجہ سے شروع میں معیشت سست روی کا شکار ہوئی اور پھر کورونا کے وباء نے بھی معیشت کو کچھ حدتک نقصان پہنچایا ، تاہم عمران خان کے ملک میں اسمارٹ لاک ڈاون کے آئیڈیا کی وجہ سے ملک مزید معاشی بحران سے بچ گیا ،عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاون کے آئیڈیا کو دنیا نے بھی سراہا ۔

شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم نے بیک وقت زراعت، ہائوسنگ، صنعتی اور برآمدات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی اور ان تمام شعبے نے ملک میں روزگار کو فروغ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کو فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری اور متعلقہ ایکسپورٹس پر خصوصی توجہ دی اور ان شعبوں کو مراعات دیں، جس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ۔وزیر اعظم کے مشیر نے ماضی میں غلط منصوبہ بندی اورناقص پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران پر بھی روشنی ڈالی۔