گلگت ۔20اکتوبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں غاصب صہیونی ریاست کی جانب سے معصوم فلسطینی آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے منصوبہ بندی کے تحت نسل کشی اور جنگی جرائم کی مبینہ کاروائیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کی۔
ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے ڈینز،ڈائریکٹرز،فیکلٹی ممبران،مینجمنٹ اسٹاف سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی یونیورسٹی کے مشرف ہال کے سامنے سے شروع ہوئی اور مختلف شعبہ جات سے ہوتے ہوئے فیکلٹی آف ایجوکیشن میں آکر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم بند کرو،فلسطین کو جینے دو،اسرائیل وامریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ و دیگر نے اسلامی ممالک،عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی بربریت و بمباری سے اب تک کئی ہزار خواتین،بچے اور بوڑھے شہیدہوچکے ہیں اور اسرائیلی حارحیت کی وجہ سے ان کے گھر بار ملیامیٹ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہر باضمیر شخص فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینیوں کی آزادی کے لیے آواز بنا کررہے ہیں۔لہذا فوری طور پر غاصیت صہیونی ریاست کو فلسطین کے مظلوم عوام پر کی جانے والی مظالم کا نوٹس لیاجائے۔