39.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںمنفرد ، مزاحیہ اداکار رنگیلا کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

منفرد ، مزاحیہ اداکار رنگیلا کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے منفرد ور مزاحیہ اداکار رنگیلا کی برسی ہفتہ 24 مئی کو منائی گئی ۔رنگیلا کا اصل نام سعید علی خان تھا اور وہ 1937ء میں ننگر ہار میں پیدا ہوئے تھے۔ بعد میں ان کا خاندان پشاور منتقل ہوگیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد رنگیلا لاہور منتقل ہو گئے اور پینٹر کے طور پر کام کا آغاز کیا۔

لاہور میں‌ ہی انھیں فلمیں دیکھنے کا موقع ملا جس سے وہ اداکاری کی طرف مائل ہوئے۔ رنگیلا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1957ء میں ہدایت کار عطا اللہ ہاشمی کی فلم داتا کے ایک مختصر کردار سے کیا۔ شباب کیرانوی کی فلم ثریا اور اشفاق ملک کی فلم گہرا داغ نے انھیں مقبول مزاحیہ اداکار بنا دیا۔ 1968ء میں ریلیز ہونے والی فلم سنگ دل نے ان کے کیریئر کا ایک نیا موڑ دیا ۔

- Advertisement -

رنگیلا نے ذاتی پروڈکشن ہائوس قائم کیا اور اپنی فلم کے لیے کہانی بھی خود لکھی اور پروڈیوسر بھی بنے۔ ان کی فلم نے زبردست کام یابی حاصل کی۔ ان کی فلموں عورت راج، سونا چاندی اور انسان اور گدھا کو خوب پذیرائی ملی۔رنگیلا نے کامیڈین کے طور پر شہرت حاصل کرنے اور فلم انڈسٹری میں‌ اپنی جگہ بنانے کے بعد خود کو بحیثیت فلم ساز، ہدایت کار نہ صرف منوایا بلکہ زبردست کامیابیاں بھی ‌ سمیٹیں۔

انھوں نے گلوکاری بھی کی اور متعدد فلموں کے لیے اپنی آواز میں گانے بھی ریکارڈ کروائے ۔رنگیلا نے مجموعی طور پر 660 فلموں میں کام کیا جن میں اردو، پنجابی اور بعض فلموں‌ کے ڈبل ورژن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ہر کردار کو بخوبی نبھایا اور بطور ہدایت کار، فلم ساز اور گلوکار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے ذکر کے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی۔ رنگیلا نے اپنے فن سے پردہ سکرین کو رنگوں، قہقہوں اور لطافت سے بھر دیا۔رنگیلا نے اپنے وقت کے ممتاز فنکاروں کے ساتھ کام کیا تاہم منور ظریف کے ساتھ ان کی مزاحیہ جوڑی کو بے پناہ شہرت ملی۔حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی ایوارڈ سمیت کئی اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔

اداکار، گلوکار ،کہانی نویس اور فلم ڈایئریکٹر رنگیلا 24 مئی 2005 میں 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ ان کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کی جانب سے انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600925

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں