رحیم یارخان ۔ 13 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) قندیل فاطمہ کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز عماد الدین جتوئی، ای اے ڈی اے مارکیٹنگ سمیع اللہ چوہدری، ڈی اوسول ڈیفنس یٰسین ملک، ایس این اے جام محمد نعیم، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عبدالماجد خان، سی ایم سی محمود علی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سید عامر شاہ سمیت ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، لوکل گورنمنٹسمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو عیدالاضحی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مویشی منڈیوں میں آنیوالے قربانی کے جانوروں کو چیچڑ مار سپرے، جانوروں کو پینے کے صاف پانی، ٹینٹس، گاڑیوں کی پارکنگ، لائٹنگ، سیکورٹی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے عید گاہوں، مساجد کے راستوں، قبرستانوں، جانوروں کے سیل پوائنٹس، پارکس اور دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ جات کو بہتر انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو گھر گھر جا کر آلائیشوں کو اکٹھا کریں اور مخصوص جگہ پر تلف کریں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی جانوروں کی آلائشیں وغیرہ گلی محلوں میں پھنکنے کی بجائے میونسپل کمیٹی کے عملے کے حوالے کریں تا کہ وہ اسے مروجہ طریقہ کار سے تلف کر سکیں۔انہوں نے ضلع کونسل او رمیونسپل کمیٹیز حکام کوہدایت کی کہ وہ عید الاضحی کے ایام میں شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالہ کے لئے اپنے دفاتر میں شکایات سیل قائم کرتے ہوئے ان کے نمبرز کی پبلسٹی کریں تاکہ شہری اپنی شکایات درج کروا سکیں۔