منکی پاکس کے 90سے 95فی صد مریض صحتیاب ہوجاتے ہیں ، وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کریں گی،ڈاکٹر مختار احمد

113
Dr. Malik Mukhtar Ahmed
Dr. Malik Mukhtar Ahmed

اسلام آباد ۔17اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے کورڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد نے کہاہے کہ منکی پاکس کے 90سے 95فی صد مریض صحتیاب ہوجاتے ہیں ، وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کریں گی، ،بارڈر ہیلتھ سروسز کو ویجلینس کردیاگیاہے ،تمام بین الاقوامی پروازوں کی سکریننگ ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو منکی پاکس کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایاکہ منکی پاکس کی جنوبی افریقہ کے انسانوں میں 1970میں تشخیص ہوئی ، منکی پاکس کی علامات 4سے 15دن میں ظاہر ہوتی ہیں ، بخار ، جسم میں درد ،غدود کا بڑھ جانا منکی پاکس کی علامات ہیں ، اگر کسی میں علامات ظاہر ہوں تواسے آئیسولیٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ میڈیاکو منکی پاکس سے متعلق آگاہی پیدا کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ 2023سے اب تک ملک میں منکی پاکس کے 11کیس مثبت رپورٹ ہوئے ، منکی پاکس میں بخار کی صورت میں عام بخار کی دوا لی جاسکتی ہے ۔ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ملک میں منکی پاکس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت منکی پاکس سے متعلق اہم اجلاس ہوا،وزیراعظم کو ٹیسٹنگ لیبارٹریز ،کٹ اور ادویات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،وزیراعظم کو ائیرپورٹس ،بارڈر اور ہسپتالوں پر انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،وزیراعظم کو سکریننگ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ منکی پاکس کے مریض کو چھونے سے بیماری لگنے کا خدشہ ہوتا ہے تاھم منکی پاکس ہوا کے ذریعے پھیلنے والی بیماری نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ بارڈر ہیلتھ سروسز کو ویجلینس کردیاگیاہے ،تمام بین الاقوامی پروازوں کی سکریننگ ہوگی تاہم یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ بعض مریض بغیر علامات کے بھی ہوسکتے ہیں سو فی صد ٹریکنگ ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ منکی پاکس کا پہلا کیس خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوا ۔بیماری کی تشخیص اور علاج کی بابت آگاہی بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں بھی اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کریں گی ۔