لاہور۔25جون (اے پی پی):صدر منہاج القرآن علما کونسل علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے منہاج القرآن علما کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علما کونسل کے مرکزی، صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن علما کونسل ملک کے تمام شہروں میں یکم تا 10 محرم پیغام امام حسین ؑو اتحاد امت کانفرنسز منعقد کرے گی ۔ اجلاس میں منہاج القرآن علما کونسل کی طرف سے اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسینؑ کے امن، یگانگت اور اخوت و بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہاکہ کربلا کا پیغام ہے کہ ہمیشہ حق کیلئے اٹھو، محرم الحرام صرف اسلامی مہینے کا آغاز نہیں بلکہ صبر،قربانی،وفا ،حق اور عدل کا درس دینے والا مہینہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہئے کہ حضرت امام حسین ؑکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے رویوں میں صبر ،اخلاق اور رواداری کو فروغ دیں۔مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ اشفاق علی چشتی نے تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران ایسا خطبہ اور پیغام دیں جو محبت ،بھائی چارے اور امن کا ذریعہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں پوری انسانیت کیلئے تھیں،محرم الحرام ہمیں شہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف متوجہ کرتا ہے۔
اجلاس میں مفتی محمد رفیق رندھاوا،علامہ محمد خلیل حنفی،علامہ خلیل قادری،علامہ محمد عامر ندیم،علامہ عدنان فیصل چشتی،علامہ محمد یونس سعیدی،علامہ حکیم محمد جمیل و دیگر بھی موجود تھے۔