31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںمنہاج القرآن ویمن لیگ کا مائوں کے عالمی دن کے موقع پر...

منہاج القرآن ویمن لیگ کا مائوں کے عالمی دن کے موقع پر شہدا کی مائوں کو خراج تحسین

- Advertisement -

لاہور۔10مئی (اے پی پی):منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر رہنما لبنٰی مشتاق نے کہا ہے کہ مائوں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں ان عظیم مائوں کو خاص طور پر خراجِ تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کیلئے اپنے بیٹے قربان کر دئیے، ان کے صبر، استقامت اور قربانی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی مائیں وہ عظیم ہستیاں ہیں جنہوں نے اپنے جگر کے ٹکڑوں کو وطن پر قربان کر کے تاریخ میں صبر اور حوصلے کی نئی مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم مائیں نہ صرف بہادر ہوتی ہیں بلکہ وہ معاشرے کو حوصلہ،صبر اور قربانی کا سبق دیتی ہیں۔ ان عظیم مائوں کی گود نے وہ بیٹے پروان چڑھائے جو دشمن کی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہو کر ارضِ وطن کی حرمت کے لیے جان دے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن صرف محبت اور ممتا کے جذبے کا دن نہیں بلکہ ایک عہد کا دن ہے کہ ہم شہیدوں کی مائوں کے آنسو پونچھیں، ان کے حوصلے کو سلام کریں اور ان کے لہجے میں بسا درد اپنے دلوں میں محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ ان تمام مائوں کے وقار اور قربانی کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔ یہ مائیں ہمارے لیے وہ مینارِ روشنی ہیں جن سے ہمیں سرفروشی، ایثار اور حب الوطنی کا سبق ملتا ہے۔لبنی مشتاق نے کہا ہے کہ ماں محض ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک عظیم ادارہ، تربیت گاہ اور انسانیت کی پہلی درسگاہ ہے۔ ماں کی محبت، قربانی اور بے لوث خدمت کو ایک دن تک محدود نہیں کیونکہ ماں ہر دن ،ہر وقت کے احترام کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھ کر اس کی عزت اور مقام کو دنیا بھر میں ممتاز کیا ہے۔ قرآن مجید میں والدین خصوصا ماں کے ساتھ حسن سلوک کی بار بار تاکید کی گئی ہے، جبکہ نبی اکرم ۖ نے ماں کے حق کو تین گنا زیادہ اہمیت دے کر دنیا کو درس دیا کہ ماں کا درجہ بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خاندانی نظام کے استحکام اور خصوصا خواتین کی تعلیم، تربیت اور فلاح کے لیے سرگرم ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ماں صرف اولاد کی تربیت نہیں کرتی بلکہ ایک نسل کو سنوارتی ہے۔ اچھی ماں مہذب، بااخلاق اور باکردار معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم ماوں کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔لبنی مشتاق نے کہا کہ عالمی دن محض تقریب منانے کا دن نہیں بلکہ عزم نو کی تجدید کا لمحہ ہے کہ ہم ماں کے رتبے کو تسلیم کریں، ان کی عزت کریں اور ان کی دعائیں لیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تمام ماوں کو سلام محبت پیش کرتی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595341

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں