منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب(کل) ہوگی

77

لاہور۔22فروری (اے پی پی):منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب کل 23فروری کو لاہور میں ہوگی۔ڈائریکٹر آپریشن منہاج ویلفیئر فائونڈیشن انجینئرثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ہر سال مرکزی سطح پر ملک کے تمام بڑے شہروں میں غریب و مستحق بچیوں کی شادیوں کی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو لاہور میں 25مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان تقاریب میں غریب گھرانوں کی بیٹیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ 5لاکھ مالیت کا گھریلو سامان فی کس گفٹ کیا جاتا ہے،شادیوں کی ان تقاریب میں ممتاز سیاسی وسماجی اور فلاحی شخصیات بطور مہمان خصوصی شرکت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تقاریب میں سینکڑوں باراتیوں کے کھانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے ،بارات کا استقبال تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے رہنما کرتے ہیں ۔