منیجنگ ڈائریکٹرپی ٹی وی ارشد خان کا تقریب سے خطاب

104

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن(پی ٹی وی) ارشد خان نے کہا ہے کہ ابلاغ عامہ کے شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت اورنئی نسل کی راہیں متعین کرنے کے ساتھ ملک وقوم اورسماج کو متاثرکرنے والے خیالات کورد کرتے ہوئے قومی یکجہتی کو فروغ دینا قومی نشریاتی ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے، اپنے فرائض کو پہچانتے ہوئے پی ٹی وی دوبارہ اس راہ پرچل پڑا ہے یہ ورکشاپ پی ٹی وی کی عظمت رفتہ کی بحالی اورپی ٹی وی کو دوسرے اداروں کیلئے قابل تقلید مثال بنانے کی جانب پہلا قدم ہے، اس طویل عرصے بعد پی ٹی وی اکیڈمی کو دوبارہ آباد دیکھنا باعث مسرت ہے حکومت کے ویژن کے مطابق اس اکیڈمی کے دروازے ابلاغیات کے ہرطالب علم کے لیے کھلے ہیں چاہے اس کا تعلق ملک کے کسی بھی صوبے، علاقے یا جامعہ سے ہو۔وہ پیر کو بلاغیاتی اثرات پرتحقیق اورامن کے فروغ سے متعلق وزارت اطلاعات ونشریات کے منصوبے پاکستان پیس کلیکٹیو کے تحت منعقد ہونے والی6روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسی کے مطابق پی ٹی وی اکیڈمی نے طویل عرصے بعد دوبارہ تربیتی پروگراموں کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے کی پہلی 6 روزہ ورکشاپ پی ٹی وی اکیڈمی اسلام آباد میں شروع ہوگئی ہے ،ابلاغیاتی اثرات پرتحقیق اورامن کے فروغ سے متعلق وزارت اطلاعات ونشریات کے منصوبے پاکستان پیس کلیکٹیو کے تحت منعقد ہونے والی ورکشاپ کا مقصد صحافیوں اورمستقبل میں اس شعبے میں آنے والے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کیساتھ انتہاپسندانہ سوچ کیخلاف میڈیا کے کردارکی اہمیت کواجاگرکرنا ہے۔