اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) مسعود ملک نے کہا ہے کہ مذہبی منافرت اور انتہا پسندی کی روک تھام کے لئے میڈیا ‘علماءکرام ‘سول سوسائٹی کو مثبت اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا ‘سابقہ ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث آج پوری قوم کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ‘دہشت گردی کی وجہ سے ہی عالمی سطح پر پاکستان اور اسلام کا امیج شدید متاثر ہورہا ہے۔ وہ جمعرات کو ینگ پارلیمنٹرینز فورم، چینن ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن، سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او) اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے اشتراک سے منعقدہ ساتویں نیشنل یوتھ پیس فیسٹیول کے دوسرے روز ”نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور بین المذاہب ہم آہنگی“ کے عنوان ملک بھر کے مختلف حصوں سے آئے ہو ئے طلباءو طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی میڈیا سیکرٹری ایم این اے روبینہ خورشید ‘ سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او)کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس‘ چینن ڈویلمنٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ محمد شہزاد خان‘ علماءکونسل پاکستان کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی ‘ ٹی وی اینکر ترن جیت سنگھ ‘ پنڈت چنا لعل اور این جی او پتن کے سی ای سرور باری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔یوتھ فیسٹیول کے دوسرے روز کی پہلی نشست میںوزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پرعزم پاکستان مہم کے بارے میں طلباءو طالبات کوڈاکومنٹری دکھائی گئی۔