منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی عاصم کھچی کا سرگودھا آفس کا دورہ، سٹیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا

107
منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی عاصم کھچی کا سرگودھا آفس کا دورہ، سٹیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا

سرگودھا۔8نومبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان محمد عاصم کھچی نے اے پی پی سرگودھا سٹیشن کا دورہ کیا ۔ دورہ کا مقصد سٹیشن کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ سٹیشن انچارج اے پی پی سرگودھا مخدوم شاہ لطیف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایم ڈی محمد عاصم کھچی کا دفتر آمد پر پُرتپاک استقبال کیا۔ صدر اے پی پی ایمپلائزیونین خضر زمان ملک، جوائنٹ سیکرٹری خالد ربانی ، جنرل سیکرٹری ندیم حسین اور سیکرٹری ٹو ایم ڈی ملک سلیم اعوان بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

مخدوم شاہ لطیف نے ایم ڈی کو آفس مینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی سرگودھا سٹیشن پالیسی اور ہدایات کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت اورعزم کے ساتھ ویڈیو، فوٹو، انگریزی اور اردو سمیت تمام خدمات فراہم کر رہی ہے۔ شاہ لطیف نے کہا کہ اے پی پی نیوز سروس روزانہ کی بنیاد پر قومی اورعلاقائی سطح کے واقعات کا احاطہ کرتی ہےاورتقریباً تمام اخبارات میں جگہ حاصل کرتی ہے ۔

منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان نے اے پی پی سرگودھا کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ریاستی ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی میڈیا چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ محمد عاصم کھچی نے عملے پر زور دیا کہ وہ عزم اور لگن سے کام کریں۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ طلباء کو میڈیا ٹریننگ کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے۔