اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی)منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) مسعود ملک نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ‘ہماری نوجوان نسل بہت با صلاحیت ہے ‘اسے درست سمت پر چلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے ‘ نوجوان نسل حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ایک اچھے مسلمان اور خود احتسابی سے اپنے آپ کو درست کر کے اس معاشرے کو صیحح سمت پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔وہ ہفتہ کو پاکستان پازیٹو ‘ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے اشتراک سے دو روزہ ینگ لیڈرز سمٹ کے دوران شرکاءسے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں ملک بھر کے مختلف حصوں سے طلباءو طالبات نے شرکت کی ۔پازیٹو پاکستان کے صدر عابد اقبال گھاری نے دوروزہ سمٹ کے افتتاح کے بعد تعارفی نشست میں تمام شرکاءسے تعارف لیا اور شرکاءکو پازیٹو پاکستان کے وژن 2017 کے بارے میں آگاہ کیا ۔