منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباسی بپی سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں وفد کی ملاقات

167

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباسی بپی نے کہا ہے کہ ملک کو غربت، جہالت اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلاتے ہوئے اسے معاشی ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے میں تاجر برادری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد حسن مغل کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفد کو ادارہ کی جانب سے اٹھائے گئے ان تمام اقدامات کے حوالہ سے بتایا گیا کہ جن کی مدد سے ملک کے غریب اور مستحق افراد کے معیار زندگی کو بہتر بناتے ہوئے انہیں سماجی، معاشی، تعلیمی اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان بیت المال کے عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ملک سے غربت کے خاتمہ اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے ایم ڈی پاکستان بیت المال کے قدم سے قدم ملاتے ہوئے اپنا اخلاقی و مذہبی فریضہ انجام دے گی۔