
اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عبّاس بپّی نے کہا ہے کہ ملک کی خواتین کو صحت، تعلیم سمیت ان کے سماجی و معاشی حقوق فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقداما ت کئے جارہے ہیں۔ وہ فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے ساتھ مستحق طالبات کو تعلیمی وظائف کے اجراءکے لیے ایک مفاہمتی یا د داشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین بھی تقریب میں موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور ترقی تعلیم یافتہ اور خو د انحصار خواتین سے وابستہ ہے اور ملک کا مستقبل سنوارنے کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کو تعلیم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کےلئے سازگار مواقع فراہم کیے جائیں۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے ایم ڈی پاکستان بیت المال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم غریب طالبات کے لئے اپنی تعلیم کو جاری رکھنا ممکن بنادیا گیا ہے۔ مفاہمتی یاد داشت پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال اور وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین نے دستخط کئے جس کے تحت پاکستان بیت المال کی طرف سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم مستحق اور غریب طالبات کو فیسوں کی ادائیگی کے لیے رقم جاری کی جائے گی۔