ریاض۔31مئی (اے پی پی):مشاعر مقدسہ کے ترقیاتی امور کی ذمہ دار کمپنی کدانہ نے نجی شعبے کے تعاون سے وادی منیٰ میں ڈبل سٹوری رہائشی یونٹ کے قیام کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے ۔اردو نیوز کے مطابق ڈبل سٹوری رہائشی یونٹ سے عازمین حج کو آرام دہ اور بہتر رہائش فراہم ہو گی۔ڈبل سٹوری رہائشی یونٹ 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم کیے گئے ہیں جس میں 40 سے زائد رہائشی یونٹ اور 550 واش رومز ہیں۔
منصوبے کو مکمل ہونے میں 100 دن لگے جس کی تعمیر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے موسمی اثرات سے بھی محفوظ رکھنے کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ڈبل سٹوری رہائشی یونٹ میں رواں سال حج کے دوران اندرون و بیرون ممالک سے 8ہزار کے قریب عازمین حج قیام کریں گے۔توقع ہے کہ آئندہ سال حج میں ڈبل سٹوری رہائشی یونٹ کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اس میں 20 ہزار عازمین کے قیام کی گنجائش ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603636