لاہور۔16نومبر (اے پی پی):لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہی،مونس الہی ،زارا الہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہی کو 28نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔عدالت نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی مونس الہی کے ریڈ نوٹسز اور بیرون ملک سے گرفتاری سے متعلق معاملے کی خود نگرانی کرے۔
سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج شیخ تنویر احمد نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس کے مطابق پراسیکیوٹر نے عدالت کو بیان دیا ہے کہ پرویز الہی تشویشناک حد تک بیمار نہیں ہیں اور وہ دیگر تقریبات میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔ عدالت نے اس ضمن میں پراسیکیوٹر کی جانب سے فراہم کردہ تحریری دلائل کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا، عدالت نے جائیدادوں کی قرقی سے متعلق اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ مونس الہی اور دیگر اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی قرقی کی مدت میں توسیع سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ اس معاملے میں تمام متعلقہ شواہد اور رپورٹس آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کی 28 نومبر مقرر کردی۔یاد رہے کہ عدالت نے مونس الہی سمیت دیگر 8ملزمان کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ۔