موبائل کمپنیوں کی جانب سے کارڈ کے ذریعے صارفین سے ٹیکس وصولی کو براہ راست قومی خزانے میں جمع کرانے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں، سینیٹر شاہی سید

اسلام آباد ۔15 جون(اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ موبائل کمپنیاں کارڈ کے ذریعے صارفین سے جو ٹیکس کاٹتی ہیں اس کو براہ راست قومی خزانے میں جمع کرانے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ بدھ کو ایوان بالا میں قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کے بقایہ جات کا مسئلہ حل کیا جائے۔ پی ٹی سی ایل کے ملازمین کی پنشن کا معاملہ بھی لٹکا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا سسٹم وضع کیا جائے کہ موبائل فون کارڈ کے استعمال سے جو ٹیکس کٹتا ہے وہ براہ راست قومی خزانے میں جمع ہو ۔