اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):ڈیجیٹل مائیکرو فنانس بینک موبی لنک بینک نے کیئر پاکستان کے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کے تحت اس کے سٹرائیو ویمن پروگرام کے ذریعے 50 ہزار خواتین کو ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بااختیار بنایا جائے گا۔ اس شراکت داری کے تحت موبی لنک بینک اور کیئر پاکستان اپنی مالیاتی خواندگی اور ہنرمندی کی ترقی کے حوالے سے سرمایہ کاری کریں گے جس کی بدولت پہلے سے زیادہ مساوی اور خوشحال معاشرے کی راہ ہموار ہوگی۔ اگلے تین سالوں میں، دونوں ادارے 30,000خواتین کو اپنا کاروبار قائم کرنے یا پہلے سے موجود کاروبار میں وسعت لانے کے لئے مالی وسائل فراہم کریں گے۔
موبی لنک بینک ویون گروپ کا حصہ ہے جو ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے اور چھ ممالک میں 160ملین صارفین بھرپور کنیکٹوٹی اور آن لائن خدمات فراہم کرتا ہے جو دنیا کی آبادی کا 7فیصد حصہ ہیں۔اس مشترکہ کاوش کے تحت موبی لنک بینک اور کیئر پاکستان باسہولت قرضے، مالیاتی خواندگی کی تربیت اور رہنمائی کے مواقع سمیت معاونت کی متعدد خدمات فراہم کریں گے۔ کاروبار میں خواتین کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں ادارے افرادی قوت میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے خواہاں ہیں،جس کے باعث معیشت میں خواتین کی زیادہ شمولیت اور یکساں مواقع کی بدولت وہ اپنا کردار بہتر انداز سے ادا کرسکیں گی۔
موبی لنک بینک کے عبوری سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ موبی لنک بینک خواتین کو بااختیار بنانے اور مالی شمولیت کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ ہمارے ویمن انسپائریشنل نیٹ ورک پروگرام نے 15,000 خواتین کے کاروبار کو مؤثر طریقے سے قائم کرنے اور اس میں وسعت لانے کے لئے ضروری معلومات اور مہارت سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کیئر پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری ایک اہم اتحاد ہے جو مائیکرو فنانس کے شعبے میں ہماری مہارت کو خواتین کی بااختیاری کے انکے عزم سے جوڑتا ہے۔ ہم اپنے اثر و رسوخ کو مل جل کر بڑھا کر پسماندہ طبقے کی مزید خواتین تک رسائی کے لئے پرعزم ہیں اور انہیں مالی طور پر پھلنے پھولنے اور اپنے حلقوں میں تبدیلی کا محرک بننے میں مدد کر رہے ہیں۔کیئر پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیراز نے کہاکہ ہم پاکستان میں کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے اور مالی بہتری میں اضافے کے لئے موبی لنک بینک کے ساتھ شراکت داری پر نہایت پرجوش ہیں۔
خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کو ایک مضبوط معاون نظام کے فروغ دینے کے حوالے سے سٹرائیو ویمن پروگرام ہمارے عزم کی روشن مثال ہے۔ اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں کاروباری خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم ان کی بھرپور صلاحیت کو بروئے کار لانے اور اپنی معیشت کو بہتر بنانے سے متعلق درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔
موبی لنک بینک اور ماسٹر کارڈ سینٹر فار انکلوسیو گروتھ کے ساتھ مل کر ہم خواتین کے لیے کاروبار میں کامیابی کے ٹھوس مواقع پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہمارا ہدف یہ ہے کہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے جہاں کاروباری خواتین ترقی کر سکیں، جدت میں آگے بڑھیں اور معاشرے میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔