اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):موبی لنک بینک کی خواتین سے متعلق وراثت مہم کو دنیا کے ممتاز تخلیقی میلے کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئیٹیویٹی 2025 میں ’’گلاس: دی لائن فار چینج‘‘شعبے میں منتخب کیا گیا ہے۔ یہ مہم جدید ٹولز کے ذریعے پاکستان میں خواتین کے وراثتی حقوق کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق کانز فیسٹیول کو اس کیٹیگری میں دنیا بھر سے 251 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں صرف 28 کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ موبی لنک کی وراثت مہم اس سے قبل دبئی لینکس، ایم 360 اے پی اے سی ڈیجیٹل نیشنز ایوارڈز اور گلومو جیسے عالمی اعزازات جیت چکی ہے۔
اس طاقتور ویڈیو مہم نے خواتین کی انصاف تک رسائی اور معاشی مساوات کے بارے میں ملک گیر گفتگو کو جنم دیا۔ موبی لنک بینک کی ڈیجیٹل ایپ ’’دوست‘‘ میں بھی وراثت کیلکولیٹر کو شامل کیا گیا ہے جو خواتین کو آزادانہ طور پر وراثت میں اپنے جائز حصے کا حساب لگانے اور اپنے حقوق کے حصول سے متعلق فیصلے کرنے کے لئے بااختیار بناتا ہے۔جاز کے سی ای او اور موبی لنک بینک کے چیئرمین عامر ابراہیم نے اس عالمی اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وراثت مہم ایک ایسے اہم مسئلے کو اجاگر کرتی ہے ،جو خواتین کا وراثت میں حق ہے جسے عموماًنظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔
کانز لائنز میں شارٹ لسٹ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بامقصد کہانی سنانے کی طاقت معاشرتی تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے، جاز اور موبی لنک بینک میں ہم ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان میں خواتین کے لئے ایک زیادہ منصفانہ اور جامع مستقبل کی تشکیل کے لئے پرعزم ہیں۔ موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ کانز لائنز جیسے عالمی پلیٹ فارم پر موبی لنک کی تحسین نہ صرف ہمارے لئے خوشی کا موقع ہے بلکہ ان تمام پاکستانی خواتین کے لئے بھی فخر کا مقام ہے جو اپنا حق لینے کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں، اس مہم کے ساتھ ہم نے ثقافتی خاموشی کو توڑ کر مکالمے میں بدلنے کی کوشش کی اور یہ اعزاز ہمارے تخلیقی مقصد کی توثیق ہے۔
کانز لائنز فیسٹیول کو دنیا بھر میں برانڈ کمیونیکیشن کے شعبے میں تخلیقی معیار کی سب سے بڑی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ اس اعزاز نے پاکستان کو عالمی سطح پر جدت، خواتین کی شمولیت اور فِن ٹیک میں تخلیقی قیادت کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ یہ سنگ میل بینک کے خواتین کی مالی شمولیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے سماجی تبدیلی کے عزم کو مزید تقویت دیتا ہے۔