اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی موبی لنگ نے زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے با خبر کسان سروس کا آغاز کر دیا ہے جس سے کاشتکار طبقہ کے باہمی رابطوں ، زرعی شعبہ سے منسلک کاروباروں، دیہی عوام کے روابط اور زرعی شعبہ کی پیدوار، منافع اور نئی تحقیق سے استفادہ کے فروغ میں مدد ملے گی۔ با خبر کسان سروس سے ملک بھر کے کاشتکاروں کو بروقت اور درست مشاورت فراہم کی جائیگی۔ سروس سے کاشتکار طبقہ کو فصلوں کی کاشت، برداشت، زرعی ادویات کے بروقت اور مناسب استعمال کے حوالے سے شعبہ کے ماہرین سے استفادہ کا موقع حاصل ہو گا۔ یہ سروس چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گی اور کاشتکار اس سہولت سے کسی بھی وقت استفادہ کر سکیں گے۔ جس سے زرعی شعبہ کی ترقی میں مدد حاصل ہوگی۔