فیصل آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین گلبانی و چمن آرائی نے پھولوں کے کاشتکاروں کو موتیاکی بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے بروقت آبپاشی کی سفارش کی ہے ، چونکہ موتیاکو پھولوں میں نہایت اہم مقام حاصل ہے اور یہ ایک سدا بہار جھاڑی نما پودے پر پیداہوتاہے لہٰذا اگر اسے پانی کی مناسب مقدار فراہم کی جائے تو اس کی بڑھوتری بھی بہتر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ مناسب آبپاشی سے بہترین خوشبو کے حامل سفید رنگ کے موتیا کے پھول کا سائز بھی دو گنا ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال وسیع پیمانے پر موتیاکے خوشبودار پھولوں سے تیل نکال کر اسے عطریات بنانے کےلئے استعمال کیاجاتاہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ موتیاکو کاشت کے بعد ابتدائی مراحل میں بڑھوتری کےلئے پانی کی کافی مقدار کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے موسم گرما کے دوران اسے پانی کی کمی نہیں آنے دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پانی دیتے وقت اگر کھادوں کا متوازن و متناسب استعمال کیاجائے تو موتیاکی مزید بہتر پیداوار کا حصول بھی ممکن ہو سکتاہے۔